ابنا: اس درخواست میں پاکستان کی عدالت عالیہ سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ حکومت کو اس بات کی ہدایات جاری کرے کہ وہ اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی توسیع کے منصوبے کی مخالفت کرے ۔
اس سے قبل پاکستان کی آئی ایس آئي نے بھی اس اقدام سے سیکیورٹی خدشات پیدا ہونے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا تھا ۔ جب سے یہ بات منظر عام پر آئی ہے کہ امریکی سفارت خانے نے اسلام آباد کی بلدیہ سے اس سلسلے میں منصوبے کی منظوری دینے کی درخواست کی ہے اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی توسیع کے منصوبے کا مسئلہ پاکستان کے عوام ۔ ذرائع ابلاغ اور سیاسی حلقوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے ۔ پاکستان کے پریس ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی سفارت خانہ موجودہ عمارتوں کے علاوہ سفارت خانے کے رقبے کی توسیع کرکے مزید نئی عمارتیں تعمیر کرنا چاہتا ہے جبکہ پاکستان کے بعض سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی سفارت خانے نے اس حوالے سے ابتک کوئی نقشہ بھی پیش نہیں کیا ہے جس سے یہ سوال پیدا ہوگيا ہے کہ اس امریکی منصوبے کے کیا مقاصد ہوسکتے ہیں ؟ سیکیورٹی کی مختلف کمپنیوں کے ذریعے پاکستان میں امریکہ کی جاسوسی کی سرگرمیوں کے پیش نظر اس بات کی قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ امریکہ پاکستان میں جاسوسی کی سرگرمیوں کا اپنا دائرہ مزید پھیلانے کی کوشش کررہا ہے ۔ یہانتکہ بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ علاقے منجملہ جنگ افغانستان کی خاص صورت حال کے مد نظر امریکی حکومت، پاکستان میں اپنا دائمی اڈہ قائم کرکے اسلام آباد میں اپنے سفارت خانے کے ساتھہ ساتھہ پورے پاکستان اور اس کے پڑوسی ملکوں پر بھی نظر رکھنے کی کوشش کررہی ہے ۔ پاکستان کی سیاسی جماعتوں کی تشویش اس بناء پر اور زیادہ ہے کہ امریکہ اپنے اس منصوبے کو اسلام آباد میں پاکستان کی جوہری تنصیبات کے قریب عملی جامہ پہنانا چاہتا ہے ۔
پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں پائی جانے والی کشیدگی کے پیش نظر واشنگٹن کو اسلام آباد میں اپنے سفارت خانے کی توسیع میں کافی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ نیٹو سپلائی لائن بند رکھنے اور امریکہ کے ساتھہ مشترکہ مفادات اور ایک دوسرے کے احترام کی بنیاد پر دو طرفہ تعلقات کی برقراری کے بارے میں اپنے مواقف پر حکومت پاکستان کے اصرار کو دیکھتے ہوئے امریکی سفارت خانے کی توسیع کی مخالفت پر پاکستان کی عدالت عالیہ کے فیصلے کی اس ملک کی حکمراں جماعت بھی حمایت کر سکتی ہے ۔ البتہ پاکستان کی عدالت عالیہ کی جانب سے اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی توسیع کی مخالفت کے اپنے فیصلے کی وجہ، مختلف ملکوں میں سفارت خانوں کے معمول کے احاطے اور رقبے کے اصول سے ہٹنا، بتائی جاسکتی ہے ۔ .......
/169